شہر میںکئی مقامات پر سڑکیں جھیل میں تبدیل ‘ عوام کو مشکلات
حیدرآباد۔10ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں اچانک موسلا دھار بارش کے سبب موسم کچھ حد تک خوشگوار ہوگیا لیکن نصف گھنٹے کی بارش کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے نالوں کی صفائی اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے روکنے کئے گئے اقدامات کی قلعی کھل گئی ۔ اچانک بارش کے سبب شہر کی بیشتر سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور شہریوں کو کئی تکالیف کاسامنا کرنا پڑا۔ جی ایچ ایم سی کے مطابق پرانے شہر میں اچانک موسلادھار بارش سے کافی پانی جمع ہوگیا۔ دونوں شہروں میں نصف گھنٹے میں 35.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور بارش کے آغاز کے ساتھ ہی جی ایچ ایم سی ایمرجنسی عملہ کے علاوہ نوقائم شدہ شعبہ کے عملہ کو متحرک کر دیا گیا ۔ بتایاجاتاہے کہ سردار محل و ملک پیٹ علاقہ میںسب سے زیادہ 35.5 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ بلارم و الوال میں 26.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ چندولعل بارہ دری‘ فلک نما اور بہادر پورہ علاقوں میں17.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔گوشہ محل و نامپلی میں 12.3‘ عنبرپیٹ میں 11ملی میٹر‘ قطب اللہ پور میں 9ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات اور جی ایچ ایم سی راڈر نے آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ۔ موسلا دھار بارش کے دوران بیشتر علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی لیکن کسی حادثہ کی اطلاع نہیں ہے ۔