پولیس کا سخت ترین بندوبست ‘ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ‘ ٹریفک تحدیدات
حیدرآباد /7 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں 8 ستمبر پیر کو مرکزی گنیش جلوس کے پیش نظر پولیس کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور تقریباً 30 ہزار سے زائد پولیس ملازمین بشمول خاتون پولیس عملہ کو مرکزی گنیش جلوس کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کے پولیس کمشنر مسٹر مہندر ریڈی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقفہ وقفہ سے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے شہر کے تمام بار ریسٹورنٹ اور شراب کی دوکانات کو آج شام ہی سے دو دنوں کے لئے بند کردینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ مرکزی گنیش جلوس کے لئے روٹس (گزر گاہوں) جاری کردیا گیا ہے اور جلوس کی اہم گزر گاہوں پر سخت چوکسی اختیار کرتے ہوئے پولیس کے خصوصی دستوں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ شہر میں پولیس نے 605 حساس اور 310 انتہائی حساس علاقوں کی نشاندہی کی ہے، جب کہ جلوس پر نظر رکھنے کے لئے 800 سی سی ٹی وی کیمروںکی مدد لی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں اہم چوراہوں پر قائم کردہ شہ نشین اور جلوس کے استقبال کی بھی ریکارڈنگ کی جائے گی۔ گنیش جلوس کے پیش نظر اہم گزرگاہوں پر واقع مساجد، درگاہوں اور چھلہ مبارک کو پردوں سے ڈھانک دیا گیا ہے اور انتہائی حساس تصور کئے جانے والے علاقوں میں مدہبی مقامات پر خصوصی پکٹس قائم کئے جا رہے ہیں۔ کل جلوس کے دوران 410 موبائل پارٹیاں موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ 30 اہم اسکواڈ ٹیموں کو چوکس رکھا گیا ہے۔ جلوس کو دیکھنے اور مورتیوں کی پوجا کے لئے آنے والے افراد اور عام شہریوں کے لئے آر ٹی سی نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ کل 400 خصوصی بسوں کو چلانے کا آر ٹی سی نے اعلان کیا ہے، جب کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے 8 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ گنیش جلوس کا آغاز بالاپور سے ہوگا، جو براہ علی آباد، ناگل چنتہ، چار مینار، مدینہ، افضل گنج، معظم جاہی مارکٹ، عابڈس، بشیر باغ، لبرٹی سے ہوتا ہوا ٹینک بنڈ این ٹی آر مارگ کی طرف وسرجن کے لئے جائے گا، جب کہ سکندرآباد سے آنے والا جلوس آر بی روڈ، ایم بی روڈ، کربلا میدان، کواڑی گوڑہ، مشیر آباد چوراہا، آر ٹی سی چوراہا، نارائن گوڑہ چوراہا، حمایت نگر وائی جنکشن سے گزرتا ہوا مرکزی جلوس میں شامل ہو جائے گا۔ شہر میں انتظامات کے لئے سٹی پولیس نے شہر کی پولیس فورس کے علاوہ پڑوسی اضلاع اور ریاستی فورس کو طلب کرکے شہر کے مختلف مقامات پر متعین کردیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیروں کے ذریعہ حالات پر کنٹرول روم سے نگرانی کی جائے گی۔ مرکزی گنیش جلوس کے لئے بلدیہ اور واٹر بورڈ کی جانب سے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ سٹی پولیس کمشنر مہندر ریڈی نے ناخوشگوار واقعہ اور حالات کشیدہ پیدا کرنے والوں کو سخت نتائج کا انتباہ دیا ہے۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ گنیش جلوس کا مشاہدہ اور جلوسیوں پر گل افشانی کریں گے۔