شہر میں آج رام نوامی جلوس ، سخت ترین سیکوریٹی انتظامات

مشتبہ اشرار کی نقل و حرکت پر خفیہ نگرانی ، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ، شر انگیزی کے خلاف انتباہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شہر میں رام نوامی جلوس کے لیے سخت صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ جلوس کی گذر گاہوں پر موجود مساجد ، درگاہوں اور چھلوؤں کو چادروں سے ڈھانک دیا گیا ہے اور پولیس نے رات ہی سے طلائی گردی میں اضافہ کردیا ہے ۔ شہر کے تین پولیس زونس کا احاطہ کرنے والی اس مرکزی ریالی کا آغاز اتوار 14 اپریل کو 10 بجے دن سیتارام باغ سے ہوگا اور ہنومان ویائم شالہ سلطان بازار پر اختتام عمل میں آئے گا ۔ سٹی پولیس کی جانب سے جلوس کے پرامن انعقاد کے لیے اضلاع سے زائد پولیس فورس کو طلب کرلیا گیا ہے اور سخت ترین انتظامات کیے جارہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے بتایا کہ سٹی شوبھا یاترا کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 192 زائد کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ جنہیں راست کمانڈ کنٹرول سے جوڑ دیا جائے گا اور متعلقہ علاقہ کی سرگرمی کو متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رجوع کرنے کے لیے بھی راست رابطے کا نظام تیار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 1720 پولیس فورس اس شوبھا یاترا کی نگرانی کرے گی ۔ جب کہ اہم اور حساس علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جاچکی ہے ۔ کسی بھی قسم کی مشتبہ نقل و حرکت اور امن کو بگاڑ کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ بلدیہ اور سٹی پولیس کے باہمی اشتراک سے انتظامات کو اہمیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر اسکوائر میڈ میں ہونے والی نقل و حرکت کا راست مشاہدہ کمانڈ کنٹرول روم سے کیا جائے گا اور بروقت ضروری ہدایت دیتے ہوئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن کے تحت 81 ، شاہ عنایت گنج پولیس حدود میں 41 ، افضل گنج کے علاقہ میں 30 اور سلطان بازار پولیس حدود میں 36 کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جاچکی ہے ۔۔