شہر سے لاپتہ 3 لڑکیاں ممبئی میں برآمد

سٹی پولیس ٹیم نے ممبئی پولیس کے تعاون سے کیس حل کرلیا
حیدرآباد۔/25 اپریل، ( سیاست نیوز) شہر سے تعلق رکھنے والی 3 لڑکیاں اچانک پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں۔ پولیس نے ان کا پتہ لگاتے ہوئے انہیں ممبئی میں برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک پیٹ کی امینہ حبیبہ، شاستری پورم کی صبا منار اور میرچوک کی مدیحہ النساء جو بی فارمیسی RBVR فارمیسی کالج برکت پورہ کی سال اول کی طالبات ہیں۔ پُراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے نتیجہ میں پریشان حال والدین نے کاچی گوڑہ پولیسمیں شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے فی الفور کارروائی کرتے ہوئے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا۔ سب انسپکٹر لکشمیا نے بتایا کہ طالبات کے موبائیل فون کے ذریعہ ان کی ممبئی میں موجودگی کا پتہ لگایا گیا اور یہاں سے ایک خصوصی ٹیم روانہ کی گئی اور انہیں وہاں پر برآمد کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ ممبئی پولیس نے لاپتہ ہونے والی لڑکیوں کی تلاش میں مدد کی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ لڑکیاں بی فارمیسی کی طالبات ہیں اور وہ اکثر کالج میں غیر حاضر رہتی تھیں اور والدین کے ڈر سے یہ اقدام کرتے ہوئے وہ ممبئی روانہ ہوگئیں۔ لاپتہ ہونے والی طالبات کو کاچی گوڑہ پولیس کی ٹیم محفوظ طور پر شہر منتقل کررہی ہے۔