شہر حیدرآباد ’’منی انڈیا‘‘ : دتاتریہ شناخت کے تحفظ کی ضرورت، مرکزی وزیر کا تقریب سے خطاب

حیدرآباد 22 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر محنت و روزگار مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے کہاکہ شہر حیدرآباد ایک ’’منی انڈیا‘‘ ہے اورا س شناخت کا مکمل تحفظ کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ آج یہاں بنجارہ ہلز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے عوام کو مذہب و طبقہ کے نام پر تقسیم کی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ عوام کو مذہب اور طبقہ کی بنیاد پر تقسیم کرنا مناسب بات نہیں ہے۔ انھوں نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ریاست تلنگانہ بشمول شہر حیدرآباد کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی زبردست ستائش کی۔ علاوہ ازیں جرائم کے انسداد میں شہر حیدرآباد کی پولیس کو نمبر ون قرار دیتے ہوئے زبردست ستائش کی اور کہاکہ شہر حیدرآباد میں قائم کئے جانے والے پولیس کمانڈ سسٹم کے ذریعہ پولیس کی خدمات میں مزید بہتری پیدا ہوگی۔ مسٹر دتاتریہ نے مزید کہاکہ شہر حیدرآباد میں پولیس غیر سماجی اور مجرمانہ سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی جرائم کے واقعہ کے ساتھ ان میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے اور سخت کارروائی کرنے میں بھی پولیس اپنا اہم رول ادا کررہی ہے۔