حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے چند اہم موضوعات (مسائل) پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنے اور بعض اہم فیصلے کرنے کے مقصد سے جاریہ ماہ 9 ڈسمبر کو ایک اہم کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا حکومت تلنگانہ نے فیصلہ کیا ہے اور اس اجلاس میں شرکت کیلئے تمام سیاسی جماعوں کو مدعو کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ خود چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے اس بات کا اعلان کیا کہ شہر حیدرآباد میں بعض زیر التواء مسائل کی یک طویل عرصہ سے یکسوئی نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے ہی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو نے ان مسائل کی یکسوئی سے اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے فی الفور کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ اس کل جماعتی اجلاس میں شہر حیدرآباد میںسلم علاقوں میں رہنے والے غریب افراد( عوام) کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرنے ،حسین ساگر میں پائی جانے والی آبی آلودگی کی صفائی ونائک ساگر کی تعمیر کے علاوہ شہر حیدرآباد سے متعلق بعض دیگر اہم مسائل پر تفصیلی غور و خوص اور تبادلہ خیال کے علاوہ ضروری مشاورت وغیرہ کے ذریعہ بعص اہم فیصلے کئے جانے کی قوی توقع پائی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ اس مجوزہ کل جماعتی اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے صدور ،قانون ساز اسمبلی و کونسل تلنگانہ میں مقننہ پارٹی قائدین وغیرہ کو مدعو کیا گیا ہے اور کل جماعتی اجلاس میں شریک قائدین کی تجویز و مشورے حاصل کرنے کے بعد مختلف مذکورہ موضوعات مسائل سے متعلق ایک موثر ایکشن پلان مرتب کیا جائے گا۔