جی ای ایس کے کامیاب انعقاد اور میٹرو ریل کے آغاز پر چیف منسٹر مطمئن
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے میٹرو ریل اور جی ای ایس کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شہر حیدرآباد کا وقار بلند ہوا ہے۔ مرکزی حکومت اور امریکن سیکرٹ ایجنسی نے پولیس اور ریاست کے مختلف محکمہ جات کی کارکردگی کی ستائش کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں شروع کردہ دنیا کا پہلا پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ بڑا میٹرو ریل پراجیکٹ ہے۔ 30 کیلومیٹر کا پہلا مرحلہ میں بھی حیدرآباد سارے ملک میں سرفہرست ہے جس کا وزیراعظم نریندر مودی نے افتتاح کیا ہے۔ جنوبی ایشیا میں پہلی مرتبہ گلوبل انٹرپرینر سمٹ کا انعقاد کرنے کا حیدرآباد کو اعزاز حاصل ہوا ہے جس میں 140 سے زائد ممالک کے 1500 سے زائد مندوبین نے شرکت کی ہے۔ ملک و بیرون ممالک سے عالمی کانفرنس میں شرکت کرنے والے مہمانوں و مندوبین، صنعت کاروں کا مکمل احترام کرتے ہوئے انہیں مناسب سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ محکمہ پولیس نے بڑی چستی پھرتی سے اپنی ذمہ داری نبھائی جس کی جتنی ستائش کی جائے، کم ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بتایا کہ مرکز سے پولیس کی ستائش میں پیغام وصول ہوا ہے۔ کئی شخصیتوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی گئی۔ پولیس نے صبر و تحمل اور ٹیم اِسپرٹ سے خدمات انجام دیتے ہوئے ریاست کے رتبے کو اونچا کیا ہے۔ ایک ہی دن میں کئی پروگرامس ہونے کے باوجود پولیس نے آپس میں تال میل اور رابطہ پیدا کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے۔ پولیس کے سرگرم رول کی وجہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ سکیورٹی کے معاملے میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ کے سی آر نے کہا کہ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے پولیس کے تمام شعبوں میں تال میل پیدا کرتے ہوئے بڑے اور اہم پروگرامس کو کامیاب بنانے میں غیرمعمولی رول ادا کیا ہے۔ پولیس کے رول کی امریکن سیکرٹ ایجنسی مرکزی وزارت داخلہ نیتی آیوگ کے علاوہ مختلف ممالک کے اہم شخصیتوں نے ستائش کی ہے۔ چیف منسٹر نے چیف سیکریٹری ایس پی سنگھ اور ڈی جی پی مہیندر ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔