حیدرآباد2مئی (یواین آئی) شہر حیدرآباد میں آج شام کے وقت بعض علاقوں میں ہلکی اور زور دار بارش ہونے کے علاوہ زور دار ہوئیں بھی چلیں ۔ تاہم راحت نہیں بلکہ عوام کی تکلیف کا سلسلہ برقرار ہے کیوں کہ گرمی کی شدت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔اعظم ترین درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ کے نتیجہ میں گرمی سے تحفظ میں شہری مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔گرمی کی صورتحال کے سبب بچے گھروں میں انڈور گیمس اور بزرگ افراد دھوپ سے بچنے کے لئے ٹی وی کے سامنے یا پھر اخبار لے کر پڑھتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔نوجوان شہر کے مختلف علاقوں کے سوئمنگ پولس میں اپنا وقت صرف کرتے ہوئے گرمی سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں ۔تاہم کام کے لئے جانے والے افراد اور خواتین کو گرمی سے کوئی راحت نصیب نہیں ہے ۔ساتھ ہی ایسے افراد جن کا کاروبار عموماً سڑکوں پر ہوتا ہے کو دن چلچلاتی دھوپ میں گذارنا پڑرہا ہے ۔گذشتہ چند دنوں کے دوران گرمی کی صورتحال شدید ہوگئی ہے ۔عموماً درجہ حرارت 42ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں کمی نہیں ہوگی ۔محکمہ نے اپنے بلیٹن میں کہا ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد، کمرم بھیم ،نرمل ، نظام آباد ،کاما ریڈی ، میدک ، جگتیال ، راجنا سرسلہ ، پدا پلی اور منچریال میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔شہر میں گرمی کی لہر میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں ۔شمال ۔جنوبی حصوں سے ہواؤں کے سبب درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے ۔یہ ہوائیں مشرقی ودربھ سے دوردراز تامل ناڈو اور تلنگانہ میں چل رہی ہیں جس سے گرمی کی لہر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔