حیدرآباد ۔ 17 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) شہر میں منعقد ہونے جارہی میٹرو پولس کانفرنس کے پیش نظر شہر سے گداگروں کے صفائے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔ میٹرو پولس سمٹ کے دوران بیرونی ممالک کے مندوبین کی آمد کے پیش نظر شہر کی سڑکوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اُنھیں خوبصورت بنانے کے اقدامات اپنی جگہ ہیں لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ پولیس کی جانب سے شہر کی سڑکوں کو گداگروں سے پاک کرنے کے لئے بھی خصوصی مہم چلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے فٹ پاتھ پر رہنے والوں کو شلٹر کی فراہمی کے متعلق منصوبہ بندی کی گئی تھی اور اس پر موثر عمل آور ی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن میٹرو پولس کانفرنس کے دوران شہر کی سڑکوں سے گداگروں کو غائب کرنے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ بیرونی ملک سے شہر آنے والے مندوبین پر شہر کی حالت کو بہتر پیش کیا جاسکے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر کی سڑکوں بالخصوص سگنلس پر موجود گداگروں میں بیشتر کا تعلق شہر سے ہے ہی نہیں بلکہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے گداگر ہی شہر کی سڑکوں پر بھیک مانگتے نظر آتے ہیں۔
ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے حیدرآباد سٹی پولیس کا تعاون حاصل کرتے ہوئے شہر کی سڑکوں کو گداگروں سے پاک بنانے کے اقدامات کے متعلق غور کیا جارہا ہے ۔ ماہ اکٹوبر میں منعقد ہونے والے میٹروپولس کانفرنس کے بعد بھی مزید دو بین الاقوامی کانفرنسوں کا انعقاد شہر میں ہونے جارہا ہے ۔ ان کانفرنسوں کے پیش نظر شہر کی اہم سڑکوں کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ شہر کی تاریخی عمارتوں کو بہتر بنانے کا عمل بھی جاری ہے لیکن ان سب اُمور کی تکمیل کے علاوہ بلدی عہدیدار حیدرآباد کو گداگروں سے پاک شہر کے طورپر پیش کرنے کوشاں ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بے گھر افراد کو شلٹرس کی فراہمی اور 5 روپئے میں کھانے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے اُن کے حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن گداگروں کی تعداد میں ہورہے اضافہ کو روکنے کیلئے بلدی عہدیداروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس صورتحال میں بلدی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے ایام کے دوران سڑکوں کو گداگروں سے پاک کرنے کیلئے پولیس کی مدد حاصل کرنے کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ بل گیٹس کے دورۂ حیدرآباد کے موقع پر بھی حیدرآباد کی اہم سڑکوں سے گداگروں کو ہٹادیا گیا تھا اور بعض کو تو چند یوم کیلئے شہر بدر کردیا گیا تھا ۔