شہر حیدرآباد میں انتخابات کو پرامن و شفاف بنانے غیر معمولی پولیس بندوبست

نوڈل ایجنسی کے عہدیداروں کے ساتھ تال میل ، انتخابی عہدیداروں اور پولیس کا اجلاس ، دانا کشور کا خطاب
حیدرآباد۔10اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر میں انتخابات کو پر امن و شفاف بنانے کیلئے اضافی پولیس فورسس کے انتظاما ت کو یقینی بنایا جائے اور ضابطہ اخلاق کے نفاذ میں کوئی کوتاہی نہ ہونے دی جائے بلکہ حلقہ اسمبلی کے اساس پر بنائی گئی نوڈل ایجنسی کے عہدیداروں میں تال میل کو بہتر بنایا جائے ۔ ضلع الکٹورل آفیسرو کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے آج انتخابی عہدیداروں اور اعلی پولیس عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس میں یہ بات کہی ۔ اجلاس میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار کے علاوہ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تمام ڈپٹی کمشنران پولیس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ مسٹر دانا کشور نے اس موقع پر کہا کہ شہر حیدرآباد میں موجودہ فہرست رائے دہندگان کے اعتبار سے 2ہزار 800 مراکز رائے دہی 1581 مقامات پر ہیں اس کے علاوہ آج ہائی کورٹ نے 12 اکٹوبر کو فہرست رائے دہندگان کی اشاعت و اجرائی کی اجازت فراہم کردی ہے جس کے نتیجہ میں مزید ایک لاکھ 40ہزار رائے دہندوں کے اضافہ کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اضافہ کے ساتھ پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے ۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیداروں کی ضلع حیدرآباد میں تعیناتی خلاف قانون ہے اسی لئے جمہوریت کے تحفظ کے مقصد کے تحت غیر مقامی پولیس اہلکاروں کو انتخابی ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے تعینات کیا جائے ۔ مسٹر انجنی کمار نے اجلاس کے دوران بتایا کہ شہر میں پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں اس سے ضلع الکٹورل آفیسر اور چیف الکٹورل آفیسر کو واقف کروایاجاتا رہے گا۔ مسٹر دانا کشور نے بتایاکہ حیدرآباد کے 15 حلقہ جات اسمبلی میں منعقدہونے والے انتخابات پر ملک کی نظریں مرکوز ہوںگی اوراس کے علاوہ ریاست کا دارالحکومت ہونے کے سبب یہاں کے انتخابی عمل کی اہمیت زیادہ ہے اسی لئے عہدیداروں کو چاق و قوبند رہتے ہوئے انتخابی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے معاملہ میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوری اثر کے ساتھ حساس اور انتہائی حساس مراکز رائے دہی کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان مقامات پر زائد فورسس کی تعیناتی کے ذریعہ انتخابی عمل کو انجام دیا جاسکے ۔ انہوں نے اجلاس کے دوران اعلی پولیس عہدیداروں کو چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور اختیارات کے سلسلہ میں واقف کرواتے ہوئے انتخابی تشہیر کے دوران کی جانے والی نگرانی اور سیاسی جماعتوں اور امیدواروںپر نظر رکھنے کیلئے تشکیل دی گئی ٹیموں کے متعلق واقف کروایا۔