شہر حیدرآباد میں ’’اسٹاک پارکنگ‘‘ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز

میٹرو اسٹیشنوں کے قریب کی خالی جگہوں کی نشاندہی ، کم جگہ پر ہمہ منزل پارکنگ
حیدرآباد ۔ /28 ڈسمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے احاطہ میں کار پارکنگ کے مسائل حل کرنے کا عظیم تر بلدیہ حیدرآباد نے منصوبہ تیار کیا ہے ۔ تاحال پارکنگ کا درست انتظام نہ ہونے کی وجہ سے کار پارکنگ ایک بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے ۔ میٹرو ریل کے آغاز کے بعد بھی اکثر اسٹیشنس کے پاس پارکنگ کے انتظامات نہ ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیہ نے کم جگہ پر زيادہ گاڑیاں پارکنگ کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز تیار کیا ہے اور اس مناسبت سے شہر میں ’’اسٹاک پارکنگ‘‘ سسٹم شروع کرنے کیلئے بلدیہ اور دیگر سرکاری زمینات پر اسٹاک پارکنگ کامپلکس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور خاص کر میٹرو اسٹیشنوں کے پاس موجود خالی زمینات پر اس پراجکٹ کی تعمیر کرنے کے امکانات ہیں ۔ اسٹاک پارکنگ کے ذریعہ دو کاروں کی جگہ 12 کاریں پارک کی جاسکتی ہیں ۔ یعنی ایک کار کے اوپر ایک کار اس طرح کم و بیش دس بارہ کاریں پارک کی جاسکتی ہیں ۔ فی الحال یہ سہولت ملک کے دیگر شہروں جیسے دہلی ، ممبئی وغیرہ میں موجود ہے اور شہر میں بھی اس سسٹم کو وجود میں لانے کیلئے بلدیہ کی ملکیت والی زمینات کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ میئر بی رام موہن نے کہا کہ ( بی او ٹی) بلڈ ، آپریٹ، ٹرانسفر کے مطابق شہر میں اسٹاک پارکنگ کامپلکس تعمیر کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور آزمائشی طور پر سب سے پہلے اسٹاک پارکنگ سسٹم بلدیہ کے دفاتر میں شروع کیا جائے گا اور پارکنگ فیس بلدیہ کی جانب سے ہی مقرر کی جائے گی اور خانگی زمینات کے مالکین بھی اپنی اپنی زمینات پر اسٹاک پارکنگ کا قیام عمل میں لاسکتے ہیں ۔