شہر اور مضافات میں موٹر گاڑیوں کی رفتار پر کنٹرول کیلئے میکانزم کی ضرورت

دلخراش حادثات کا انسداد ضروری ، سڑکیں بھی غیر محفوظ ، کئی مقامات پر خستہ حال سڑکیں
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : شہر کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے سڑکوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ تیز رفتار موٹر سیکل اور رات کے اوقات میں بے ہنگم چلائی جانے والی ٹپر و لاریوں پر روک لگانے کی ضرورت ہے ۔ سڑکوں پر پیش آرہے دلخراش حادثات کے باوجود شہر کی اہم سڑکوں بالخصوص نواحی علاقوں کی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات پر کنٹرول کے لیے یہ ضروری ہے کہ رات کے اوقات میں گاڑیوں کی رفتار پر کنٹرول کا میکانزم تیار کیا جائے ۔ چونکہ بیشتر حادثات تیز رفتار لاریوں اور ٹپر سے ہی ہورہے ہیں اور کئی حادثات میں معصوم لوگ زندگی گنوا رہے ہیں ۔ شہر کی سڑکوں پر حادثات روزکا معمول بنتے جارہے ہیں، لیکن محکمہ پولیس شہر کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کے متعلق سنجیدہ نظر نہیں آتی ۔ رات کے اوقات میں شہر کی بیشتر سڑکوں بالخصوص نواحی علاقوں سے مرکزی مقامات تک پہنچنے والی سڑکوں پر انتہائی تیز رفتار ٹپروں کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔ چندرائن گٹہ ، شاہ علی بنڈہ ، سنتوش نگر ، ملک پیٹ ، چادر گھاٹ ، ٹولی چوکی ، مانصاحب ٹینک ، نامپلی ، بشیر باغ ، ریاست نگر ، راجندر نگر ، عطا پور ، بارکس ، بنڈلہ گوڑہ ، چمپا پیٹ کے علاوہ دیگر علاقوں کی سڑکوں پر یہ ٹپر برق رفتار سے دوڑتے ہیں اور بارہا یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ٹپر بے ہنگم انداز میں دوڑانے والے بیشتر ڈرائیو حالت نشہ میں ہوتے ہیں ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ہفتہ میں دو دن رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے جانچ کی جارہی ہے لیکن تیز رفتار لاریوں اور ٹپر پر کنٹرول کے لیے پولیس کے ذریعہ ایسی کوئی مہم نہیں چلائی جاتی جب کہ تیز رفتار لاریوں اور ٹپر کے سبب شہر میں کئی حادثات رونما ہوئے ہیں ۔ بہادر پورہ سے راجندر نگر و شیورام پلی جانے والی سڑک پر ٹریفک بالخصوص لاریوں اور ٹپرس کے سبب حادثات پیش آرہے ہیں ۔ علاوہ ازیں اتوار یا تعطیل کے دن جب سڑکوں پر ٹریفک کی گہما گہمی کم ہوتی ہے ایسے وقت میں منچلے نوجوان سڑکوں پر نہ صرف تیز رفتار گاڑیاں دوڑاتے ہیں بلکہ مصروف ترین سڑکوں پر کرتب بازی کرتے ہوئے حادثات کا شکار ہورہے ہیں ۔ گذشتہ یوم پیش آئے ایک واقعہ میں تیز رفتار بائیک چلا رہے نوجوان نے مہدی پٹنم کے قریب ایک جوڑے کو ٹکر دیدی جس میں جوڑا شدید زخمی ہوگیا لیکن نوجوان اسی رفتار سے فرار ہونے میں کامیاب رہا ۔ دو ہفتہ قبل حالت نشہ میں لاری چلا رہے ایک ڈرائیور نے بنڈلہ گوڑہ کے قریب ایک کال سنٹر کی کار کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں ڈرائیور کے سر پر شدید چوٹیں آئی لیکن خوش قسمتی سے وہ بچنے میں کامیاب ہوگیا ۔ مگر نشہ کی حالت میں لاری چلا رہے ڈرائیور نے لاری چھوڑ کر راہ فرار اختیار کرلی ۔ سڑک حادثات کا موجب بن رہی ان ہیوی لاریوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے سخت گیر اقدامات کے ساتھ ان کی رفتار پر کنٹرول کے لیے ٹریفک پولیس اگر سنجیدگی سے غور کرے تو شہر حیدرآباد و سکندرآباد کی سڑکوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے ۔۔