عوامی ناراضگی کی وجہ سے انتخابی مہم سے دوری : لوکیش نائیڈو
حیدرآباد 24 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر عوام کا بھروسہ ختم ہوچکا ہے اور تلنگانہ بالخصوص حیدرآبادی عوام ان پر بھروسہ نہیں کرتے ۔ یہی وجہ ہے کہ کے سی آر جی ایچ ایم سی انتخابات کی مہم میں حصہ لینے سے گریز کرکے اپنے فرزند کو مہم میں پیش کر رہے ہیں۔ اگر جی ایچ ایم سی میں ٹی آر ایس کامیابی حاصل کریگی تو شہر میں ترقی مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ جائے گی۔ مضافاتی علاقہ اوپل سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرکے مختلف مقامات پر انتخابی جلسوں و روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے قومی جنرل سیکریٹری تلگو دیشم این لوکیش نائیڈو نے یہ دعوی کیا ۔ لوکیش نے عوام کو یاد دلایا کہ چیف منسٹر نے عثمانیہ ہاسپٹل کو منہدم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایرہ گڈا ہاسپٹل کو وقارآباد منتقل کرنے کا اظہار کیا تھا۔ اسکے علاوہ سیکریٹریٹ کو ایرہ گڈہ منتقل کرنے سیکریٹریٹ کی عمارتوں کو بھی منہدم کرنے کا اعلان کیا تھالیکن وہ کچھ کر نہیں سکے ۔ انہوں نے عوام کو بتایا کہ دُنیا کے نقشہ میں اگر حیدرآباد کو ڈھونڈیں گے تو چارمینار، حسین ساگر میں بدھا مجسمہ اور مادھاپور میں واقع ہائی ٹیک سٹی ہی دکھائی دیگی۔ حسین ساگر میں بدھا مجسمہ کی تنصیب کا اعزاز ان کے نانا بانی تلگو دیشم آنجہانی این ٹی راما راؤ کو حاصل ہے اور ہائی ٹیک سٹی کی تعمیر کا اعزاز ان کے والد چندرا بابو نائیڈو کو حاصل ہے۔ انہوں نے کے ٹی راما راؤ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے ٹی آر انتخابی مہم کے دوران ہر روز نئی بات کرکے عوام میں الجھن پیدا کر رہے ہیں ۔ اس وجہ سے عوام میں انتخابات سے دلچسپی بھی ختم ہوتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کے امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر تلنگانہ تلگو دیشم قائدین دیاکر راؤ، ایل رمنا، اے ریونت ریڈی کے علاوہ بی جے پی قائدین بشمول این وی ایس ایس پربھاکر رکن اسمبلی اوپل شریک تھے۔