شہر اور اضلاع کے کلکٹوریٹ پر آج کمیونسٹ پارٹی کا جیل بھرو احتجاج

حیدرآباد۔13مئی(سیاست نیوز ) مرکزی حکومت کے حصول اراضی بل کے خلاف کمیونسٹ پارٹی کے معلنہ جیل بھرو احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ 14مئی کو حیدرآباد کلکٹر کا گھیرائو اور چلو راج بھون پروگرام منعقد ہوگا ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس کا گھیرائو کرتے ہوئے پوری ریاست سے ایک لاکھ سی پی آئی قائدین او رکارکن اپنی گرفتاریاں پیش کریں گے۔آج یہاں سی پی آئی ہیڈ کوارٹرمخدوم بھون میںمنعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ پانچ لاکھ سے زیادہ کسانوں کی خودکشیوں کے باوجود مرکزی حکومت حصول اراضی بل کو منظور کروانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حصول اراضی بل کے ذریعہ مرکزی حکومت کسان طبقے کا عرصہ حیات تنگ کرتے ہوئے سرمایہ داروں کو مراعات پیش کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی انتظامیہ کے اقتدار میںانے کے بعد سے اس ملک میں پسماندگی کاشکار تمام طبقات کے مسائل میںاضافہ ہوا ہے۔ریاستی سکریٹری تلنگانہ سی پی ائی چاڈا وینکٹ ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بائیں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر سی پی آئی غریب عوام کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔