شہری غذائی رسد عامہ کی سربراہی کے محکمہ کو سخت خفت و پریشانی

ویڈیو کانفرنس کے دوران اچانک فحش فلم اسکرین پر نمایاں
جئے پور۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) غذائی رسد عامہ (ایف سی ایس) کے محکمہ کو اس وقت سخت خفت اور پریشانی ہوئی جب اس کے ایک اجلاس کے دوران ایک فحش فلم کا حصہ دکھایا جانے لگا۔ گزشتہ دوشنبہ کو سیکریٹریٹ میں اس محکمہ کے سیکریٹری مگدھا سنگھ کی قیادت میں ایک اجلاس جاری تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’’ویڈیو کانفرنس کے دوران ایک عریاں کلپ ٹی وی کے پردے پر نظر آنے لگا۔ میں نے فوری این آئی سی کے ڈائریکٹر کو طلب کرلیا اور انہیں اس معاملے کی تحقیقات اور اس کی فوری رپورٹ داخل کرتے ہوئے کہا۔ محترمہ مگدھا نے بتایا کہ اس وقت اس کمرے میں تقریباً 10 افراد موجود تھے جن میں محکمہ رسد و سربراہی عامہ کے عہدیدار این آئی سی کے نمائندے شامل تھے۔ اس کے علاوہ مختلف اضلاع کے سربراہی رسد عامہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس اجلاس میں ریاست کے 33 اضلاع افسر ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ حصہ لے رہے تھے۔