نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو وارناسی کے تہذیبی ورثے کے حامل مقامات کی ترقی کیلئے ایک نئی اسکیم کے حصہ کے طور پر ترقیاتی منصوبہ پیش کیا۔ وینکیا نائیڈو اور معتمد شہری ترقیات شنکر اگروال بھی تفصیلی منصوبہ وزیراعظم کو پیش کرتے وقت موجود تھے۔ نئی وزارت شہری ترقیات اسکیم کا مقصد ہندوستان کے مالامال تہذیبی ورثہ کا تحفظ اور اس کا احیاء ہے۔ یہ اسکیم چاہتی ہیکہ ایسے شہروں میں معیار زندگی میں اضافہ کیا جائے۔ ان کی جسمانی، سماجی اور معاشی زندگی کو بہتر بنایا جائے۔ مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے اپنے بجٹ تجاویز برائے 2014-15ء میں جاریہ مالی سال کیلئے ترقیات اور تہذیبی ورثہ کے تحفظ کیلئے 100 کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی ہے۔ وزارت شہری ترقیات نے تہذیبی اہمیت کے شہروں میں عام مندروں کی ترقی کے ایک منصوبہ کو بے نقاب کیا۔ ایک لائحہ عمل وارناسی کے بارے میں بھی وزیراعظم نریندر مودی کو آج پیش کیا گیا۔