lڈرینج کی صفائی سے لے کر کوڑا کرکٹ کی نکاسی اور مچھروں کے صفائے کیلئے ادویات چھڑکاؤ کا ٹائم فریم
lصداقتنامہ پیدائش / انتقال مقررہ وقت میں جاری کرنے کے محکمہ جات پابند
( پہلی قسط )
حیدرآباد ۔ 27 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت ہند نے ایسے قوانین بنائے ہیں جس کے ذریعہ عوام کو سرکاری خدمات کی بہتر سے بہتر انداز اور ایک متعینہ وقت میں فراہمی یقینی بنانے کی ضمانت یا طمانیت دی گئی ہے ۔ عوام سرکاری محکمہ جات کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کے خلاف ان محکموں اور عہدیداروں پر مقدمات بھی دائر کرسکتے ہیں یا پھر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی راہ ہموار کرسکتے ہیں ۔ عوام کو اس قانون کے ذریعہ سرکاری خدمات سے بھر پور استفادہ کا حق دیا گیا ہے لیکن افسوس عوام اپنے حقوق سے ہی واقف نہیں ۔ اگر دیکھا جائے تو سرکاری عہدہ دار اور عوامی نمائندے بشمول ارکان اسمبلی و ارکان پارلیمان عوام کے خادم ہیں ۔ عوام کے خدمت گذار ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ عوام اپنے خادموں سے خدمت لینے کی بجائے ان کا غیر معمولی احترام کرتے ہیں ۔ ان کے غلاموں کی طرح خود کو پیش کرتے ہیں حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے ۔ آپ کو بتادیں کہ سیول سوسائٹی آرگنائزیشن آف حیدرآباد نے شہریوں کے حقوق و استحقاق کے تحفظ کے لیے ایک پہل شروع کی ہے جس میں شہریوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت ہند نے سال 2013 میں تمام سرکاری محکموں کی جانب سے عوام کو مقررہ ٹائم فریم میں خدمات کی فراہمی کی خاطر ایک قانون سرویس گیارنٹی ایکٹ کی تجویز پیش کی تھی ۔ اس کے ذریعہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ عوام کو مقررہ مدت میں خدمات کی عدم فراہمی کی صورت میں متعلقہ عہدہ داروں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ اس کے بعد بعض ریاستی حکومتوں نے سٹیزن چارٹرس کو قطعیت دی ۔ تاکہ عہدہ داروں کو مقررہ مدت میں خدمات کی فراہمی کا پابند بنایا جائے ۔ چنانچہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حیدرآباد واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ اور تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ ( محکمہ برقی ) نے بھی سٹیزنس چارٹرس کو اپنایا ۔ تاہم اکثر شہری ان سٹیزن چارٹرس سے واقف ہی نہیں ہیں نتیجہ میں وہ درکار خدمات اور مذکورہ محکموں کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات سے محروم ہوجاتے ہیں ۔ ایسے میں سیول سوسائٹی آرگنائزیشن آف حیدرآباد کی شروع کردہ شہری استحقاق مہم یا پہل کا مقصد حیدرآباد و سکندرآباد کی عوام میں اس تعلق سے شعور بیدار کرنا ہے تاکہ وہ وقت مقررہ میں سرکاری محکموں کی خدمات سے استفادہ کرسکیں ۔ اگر یہ محکمہ وقت مقررہ میں خدمات فراہم کرنے یا عوامی شکایات کی یکسوئی میں ناکام ہوتے ہیں تو شہریوں کے استحقاق سے متعلق مہم ایسا میکانزم فراہم کرتی ہے جس کے ذریعہ اعلیٰ حکام کو عوامی شکایات سے واقف کروایا جاسکتا ہے ۔ آپ کو بتادیں کہ صاف صفائی ، کوڑا کرکٹ ، مردہ جانوروں کی نکاسی ، آوارہ کتوں کے پکڑنے ، ٹہرے ہوئے پانی کی نکاسی ، نالے اور موریوں میں آئی رکاوٹوں و خلل کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ مین ہول کوورس کی درستگی وغیرہ کے لیے جی ایچ ایم سی کو اندرون 48 گھنٹے اور زیادہ سے زیادہ 10 دنوں میں حرکت میں آنا ضروری ہے ۔ اسی طرح Catchpit Covers کی تبدیلی ، کھڈوں کو پر کرنے اور روڈ کٹنگ کے لیے اجازت بالترتیب اندرون 3 ، 15 اور ایک ماہ کی مدت میں حل کیئے جانے چاہئے ۔ صداقت نامہ پیدائش / صداقت نامہ انتقال کے زائد نقول کی اجرائی ، سڑکوں کی صفائی ، کوڑا کرکٹ کی نکاسی اور مسالخ کے مینٹننس کے کام اندرون 3 یوم مکمل کرنا ضروری ہے ۔ ملیریا کی وبا پھیلنے سے روکنے اور غذائی اشیاء میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی بھی اندرون 3 یوم کرنا ضروری ہے ۔ برتھ اور ڈیٹھ سرٹیفکٹس ، برتھ ڈیٹھ سرٹیفیکٹس کے کرکیشن ، برتھ سرٹیفیکٹس میں نام کی شمولیت ، حفظان صحت کے لیے متعلقہ سرٹیفیکٹس اور ٹریڈ لائسنس ( نیا اور تجدید ) کی ادائی بالترتیب اندرون 7 دن میں اور 30 یوم عمل میں لائی جانی چاہئے ۔ تعمیری اجازت ، غیر مجاز عمارت کے انہدام ، فٹ پاتھ پر ناجائز قبضوں کی برخاستگی ، تکمیل تعمیر کے سرٹیفیکٹ اور سائن بورڈس نصب کرنے کی اجازت اندرون ایک ماہ جاری کرنے اور دینی چاہئے ۔۔ ( سلسلہ جاری ہے )