شکایتوں کی وصولی کیلئے بھی میکانزم کی ترتیب، جی ایچ ایم سی کی پولیس کی طرز پر خدمات
حیدرآباد ۔ 23 فبروری (سیاست نیوز) شہر میں اب پولیس کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بھی سماجی میڈیا کے ذریعہ راست عوام سے تعلقات استوار کرتے ہوئے سہولتوں کو بہتر بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ عالمی سطح پر سوشل میڈیا ویب سائیٹس کے بڑھتے چلن سے سرکاری محکمہ جات خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے عصری دوڑ میں شامل ہونے لگے ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے بھی شہریوں کے مسائل کے حل اور رشوت کے چلن کے خاتمہ کیلئے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹس کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد فیس بک، ٹوئیٹر اور انسٹاگرام کے ذریعہ راست شہریان حیدرآباد سے تعلقات استوار کرتے ہوئے شکایات کو دور کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے اور اس منصوبہ کے ذریعہ جی ایچ ایم سی اپنی سرگرمیوں کی تشہیر کے علاوہ عوام سے بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں ٹیکنالوجی سے واقف عہدیدار فیس بک اور ٹوئیٹر کے ذریعہ عوامی مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنانے کے حق میں ہیں چونکہ عوام کی جانب سے بلدیہ میں کارروائی کے مسائل کے متعلق متعدد شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔ ان شکایات کے حل کیلئے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹس کافی کارکرد ثابت ہوسکتی ہیں۔ علاوہ ازیں جی ایچ ایم سی کی جانب سے ٹیکس کی ادائیگی کی اطلاع اور دیگر لائسنس کی تجدید وغیرہ کی اطلاعات ان ویب سائیٹس کے ذریعہ عوام تک پہنچائی جاسکتی ہیں۔ اعلیٰ عہدیداروں کے بموجب سماجی رابطہ کی ویب سائیٹس کے ذریعہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے منصوبوں کی تشہیر اور لائسنس وغیرہ کی تجدید کے علاوہ دیگر سہولتوں کی فراہمی سے نہ صرف عوام کو سہولت ہوگی بلکہ جی ایچ ایم سی کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری ریکارڈ کی جاسکے گی۔ اسی طرح عہدیدار اس بات سے بھی بروقت واقف ہوسکیں گے کہ بلدیہ کے متعلق عوامی رائے کیا ہے اور خدمات کی انجام دہی میں عوامی رائے کے ذریعہ بہتری کیسے لائی جاسکتی ہے۔ ابتداء میں حیدرآباد ٹریفک پولیس نے فیس بک کے ذریعہ عوام میں شعور بیداری شروع کیا اور اب شہر کے تمام پولیس اسٹیشن بھی فیس بک پر آچکے ہیں اسی طرح مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سماجی رابطہ کوویب سائیٹس کے ذریعہ خدمات کو بہتر بنانے کا منصوبہ شہر میں بلدی مسائل کے حل کیلئے بلدیہ کو متوجہ کروانے میں معاون ثابت ہوگا۔