شہریوں کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کا اندراج اور جانچ کا مشورہ

حیدرآباد۔11ستمبر(سیاست نیوز) انتخابات میں فہرست رائے دہندگان میںنام ہونے کی صورت میں ہی حق رائے دہی حاصل ہوتا ہے اسی لئے شہریان حیدرآباد کو چاہئے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے نامو ںکے اندراج اور ناموں کی موجودگی کی جانچ کرلینی چاہئے تاکہ مجوزہ انتخابات کے دوران وہ اپنے علاقہ کے نمائندہ کو منتخب کرنے کا حق رکھ سکیں۔ ریاست تلنگانہ میں انتخابات سے قبل فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اس عمل کے دوران ریاستی الیکشن کمیشن نے مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 10 ستمبر کو مسودہ فہرست رائے دہندگان جاری کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ جاری نہیں کی جاسکی اور کہا جا رہاہے کہ 12 ستمبر سے بوتھ لیول آفیسر کے ساتھ یہ فہرست رائے دہندگان مراکز رائے دہی پر موجود رہے گی جہاں رائے دہندے اپنے ناموں کی موجودگی کی شخصی طور پر جانچ کرسکتے ہیں جبکہ فہرست رائے دہندگان میں نام کی موجودگی کی تفصیلات آن لائن بھی حاصل کی جا سکتی ہیں جہاں شہری اپنا ضلع‘ حلقہ اسمبلی ‘ نام اور مکان نمبر درج کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے ریاست تلنگانہ میں 8اکٹوبر کوقطعی فہرست رائے دہندگان جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور جانچ کا عمل جاری ہے اس عمل کے دوران شہریوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ناموں کی جانچ کرلیں تاکہ انہیں رائے دہی کے دن فہرست رائے دہندگان میں نام نہ ہونے کی شکایت نہ کرنی پڑے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق 10تا25 ستمبر کے دوران شہری اپنے ادعا جات و اعتراضات اپنے علاقہ کے مرکز رائے دہی پر موجود بوتھ لیول عہدیدار سے ملاقات کرتے ہوئے داخل کرسکتے ہیں۔ ریاست کے دیہی علاقو ںمیں الیکشن کمیشن کی جانب سے خصوصی مہم کے لئے 15اور 16 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ شیڈول کے مطابق 4اکٹوبر تک انتخابی اتھاریٹی اور عملہ کی جانب سے شہریوں کے ادعاجات و اعتراض کی یکسوئی کرلی جائے گی اور اس کے فوری بعد 7اکٹوبر کو اضافی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی کے سلسلہ میں اشاعت کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاست تلنگانہ کے شہریوں کو اپنے حق رائے دہی کو محفوظ رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی موجودگی کی جانچ کو یقینی بنائیں کیونکہ سیاسی جماعتوں کے قائدین الزام عائد کر رہے ہیں کہ مخالف حکومت رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کروایاجا رہاہے اسی لئے ہر شہری کو چاہئے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے نام کی جانچ کو یقینی بنائیں ۔