حیدرآباد ۔ /30 اکٹوبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات سے قبل شہریوں کے لئے سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر حیدرآباد میں وائیٹ ٹاپ سڑکوں کی تعمیر کا عمل جلد شروع کرنے کے علاوہ غیرمجاز عمارتوں کو باقاعدہ بنانے کیلئے اسکیم کا آغاز کرنے کا منصوبہ ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مستقبل قریب میں منعقد ہونے والے بلدی انتخابات سے قبل شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مختلف اسکیمات کے ذریعہ راغب کروانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ جس میں نہ صرف غیرمجاز عمارتوں کو باقاعدہ بنانے کا عمل شامل ہے بلکہ عرصہ دراز سے تعطل کا شکار ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس میں میرعالم تالاب کے اطراف نکلس روڈ کی تعمیر ، پرانے شہر میں سڑکوں کی توسیع کے کاموں کے آغاز کے علاوہ سڑکوں کو بہتر بنانے کا عمل شامل ہے ۔ علاوہ ازیں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں بھی پیشرفت ظاہر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ان ہدایات کے موصول ہونے کے بعد تمام بلدی عہدیدار جلد از جلد پراجکٹس کی تکمیل کے علاوہ دیگر اسکیمات کو روشناس کروانے کے سلسلے میں مصروف ہوچکے ہیں ۔ بلدی ملازمین کے بموجب انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل بلدی حدود میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کے آغاز کا منصوبہ ہے اور بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے شہری علاقوں میں صاف صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں کو بھی اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ پراجکٹ میں ہونے والی پیشرفت کے متعلق وقتاً فوقتاً تشہیر کا عمل جاری رکھے ۔