حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( عبدالرشید سلفی) : جی ایچ ایم سی نے شہریان حیدرآباد کو مفت وائی فائی
(wifi) نیٹ ورک سرویس کی سہولت مہیا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں 200 سے زائد وائی فائی مراکز قائم کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ ذرائع کے بموجب شہر کے مختلف علاقوں سے نوجوان طبقہ کی جانب سے شہر میں وائی فائی نیٹ ورک سرویس کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق جی ایچ ایم سی کو ای میل اور خطوط ارسال کیے جارہے تھے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار اور دیگر جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے اس سلسلہ میں غور و فکر کے بعد سیل فون کے اداروں سے ربط کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا تھا جس پر سیل فون اداروں نے رضا مندی کا اظہار کیا ہے چنانچہ جی ایچ ایم سی نے wifi نیٹ ورک کی مفت سرویس کے آغاز کے طور پر شہر کے مختلف علاقوں کی نشاندہی کر کے روزانہ منتخبہ علاقوں کو کم از کم 3 گھنٹے مفت وائی فائی نیٹ ورک سرویس کی سہولت فراہم کرنے پر غور کررہی ہے جب کہ مذکورہ وائی فائی سرویس کے لیے 10 کروڑ روپئے کی رقم مختص کئے جانے سے متعلق اطلاعات وصول ہوئی ہیں ۔۔