شہروں کے اطراف ’’ تحفہ شہروں ‘‘ کے قیام کا منصوبہ

اراضی کی نشاندہی کرنے عہدیداروں کو چیف منسٹرکی ہدایت، کسانوں کو خوش کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔5اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت کسانوں کی بہبود کے لئے شہری علاقوں میں انہیں اراضیات فراہم کرنے کے سلسلہ میں ’’گفٹ سٹیز‘‘ پالیسی تیار کرتے ہوئے انہیں اراضیات مختص کرے گی۔چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں موجود شہروں اور نواحی علاقوں میںاراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس سلسلہ میں پالیسی تیار کریں تاکہ اس منصوبہ کو ریاست میں روشناس کروایا جا سکے۔ چیف منسٹر کی جانب سے دی گئی ہدایات کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ملک کے دیگر شہروں میں جاری اس منصوبہ پر عمل آوری کا جائزہ لینے کے بعد یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ کسانوں کی اراضیات کے حصول کے بعد ان کی مساوی قیمتوں والی زرعی اراضیات جو شہری علاقوں میں یا شہر کے نواحی علاقوں میں موجود ہیں انہیں کسانوں کے حوالے کرنے کا منصوبہ تیار کریں کیونکہ اس منصوبہ پر عمل آوری سے کسانوں کو زیادہ فوائد حاصل ہوں گے اور وہ شہری علاقوں میں زرعی سرگرمیاں انجام دے سکیں گے۔بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے اس منصوبہ کے تحت ریاست کے مختلف مقامات بالخصوص شہری علاقوں میں یا شہروںسے مربوط علاقوں میں 3000ایکڑ اراضی پر محیط ’’گفٹ سٹیز‘‘ قائم کی جائیں گی۔اس نئے منصوبہ کے متعلق مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ اس پر عمل آوری کیلئے شہری علاقوں یا ان کے اطراف نواحی علاقوں میں موجود زرعی اراضیات حکومت محکمہ ٔ مال کے تعاون سے حاصل کرے گی تاکہ شہری علاقوں کے قریب زرعی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جاسکے ۔بتایا جاتاہے کہ ریاست میں اس نئی پالیسی کو روشناس کروانے کے سلسلہ میں ہدایات کی اجرائی عمل میں لائی جا چکی ہے اعلی عہدیدار اس پالیسی کی تدوین میں مصروف ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے بموجب ملک کے دیگر شہروں میں اس پالیسی پر کامیاب عمل آوری کا جائزہ لیا جا رہاہے اور اس پالیسی میں موجود خامیوں کو دور کرتے ہوئے اسے روشناس کروانے کی کوشش کی جائے گی۔شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص شہر میں موجود اراضیات کی نشاندہی اور تکمیل کے بعد ہی اس پالیسی کو روشناس کروایا جا سکے گا۔