وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راما راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ فائبر انٹرنیٹ سہولت شہروں میں ہر گھر کو فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھاگیرتا پروگرام کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا ۔ اور محفوظ پانی کے علاوہ انٹرنیٹ سہولت ہر گھر کو فراہم کی جائے گی ۔ وزیر موصوف نے آج یہاں بیگم پیٹ میں ورکنگ ایجنسیز اور انجینئرنگ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے عہدیداروں سے کہا کہ ٹاونس اور شہروں میں محفوظ پانی کی سربراہی اور انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی کے کام ایک ساتھ شروع کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھگیرتا پروگرام پلان کے مطابق شروع کیا جائے گا ۔ اس اسکیم کے حصہ کے طور پر ٹی فائبر پراجکٹ کے فوائد ٹاونس اور شہروں میں گھروں کو فراہم کیے جائیں گے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بلدیات اور کارپوریشنس میں انٹرنیٹ کیبل بچھانے اور واٹر پائپ لائن کے کام بیک وقت شروع کئے جائیں ۔ انہوں نے ٹاونس اور شہروں میں ہر گھر کو فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سہولت کے لیے مالی تخمینوں کو تیزی سے تیار کرنے کے لیے بھی کہا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹی فائبر ورکس سے ریاست تلنگانہ میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی ۔ وزیر موصوف نے ولیجس ، ٹاونس اور شہروں میں اہم تبدیلیاں لانے کے لیے مشن بھاگیرتا اور ٹی فائبر کاموں پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔۔