حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم مقننہ پارٹی نے شہیدان تلنگانہ کو ایکس گریشیا فراہمی کے معاملہ دوہرا معیار رکھنے اور سنجیدہ نہ رہنے کا حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایوان میں شہیدان تلنگانہ کے لیے پیش کردہ تعزیتی قرار داد میں شہیدان تلنگانہ کے لیے پیش کردہ تعزیتی قرار داد میں شہیدان تلنگانہ کی تعداد تقریبا 1200 پائی جانے کا اظہار کرتے ہوئے فہرست پیش کی تھی ۔ لیکن جاری کردہ جی او کی روشنی میں حکومت نے صرف 459 شہیدان تلنگانہ کے ناموں کو درج کر کے انہیں ایکس گریشیا فراہم کرنے کے احکامات جاری کی ہے ۔ آج یہاں اسمبلی میڈیا پوائنٹ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فلور لیڈر تلنگانہ تلگو دیشم مقننہ پارٹی مسٹر ای دیاکر راؤ نے یہ بات کہی اور بتایا کہ چیف منسٹر نے اپنے دوہرے معیار اختیار کرنے کا ثبوت دیا ہے اور کہا کہ اگر تلنگانہ راشٹرا سمیتی واقعی شہیدان تلنگانہ سے اپنی حقیقی ہمدردی رکھتی تو اقتدار حاصل کرنے سے قبل ہی دوران تلنگانہ جدوجہد شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کر کے انہیں مالی امداد فراہم کرسکتی تھی لیکن اس وقت تو کچھ نہیں کیا گیا اور اب اقتدار حاصل کرنے کے بعد سرکاری طور پر ایکس گریشیا فراہم کرنے کے معاملہ میں کے سی آر ایوان میں ایک اعلان کرتے ہیں اور جی او جاری کرنے میں احتیاط کے ساتھ 1200 کے بجائے صرف 459 شہیدان تلنگانہ کے نام ہی درج کروائے ہیں ۔ تلگو دیشم قائد نے تلنگانہ حکومت بالخصوص صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آج تک بھی نہ ہی حکومت اور نہ ہی ٹی آر ایس کی جانب سے کسی ایک شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو کسی قسم کی مالی امداد فراہم کی گئی
بلکہ حکومت آج شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا رقومات کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر کٹوا رہی ہے اور افراد خاندان کو دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور کردی ہے ۔ قائد تلنگانہ تلگو دیشم مقننہ پارٹی نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے شہیدان تلنگانہ کے کسی ایک فرد کو سیاسی عہدے پر نامزد کرنے ( رکن راجیہ سبھا ، رکن قانون ساز کونسل یا کوئی اور نامزد عہدوں یعنی صدور نشین وغیرہ کے عہدوں پر ) کا پر زور مطالبہ کیا اور حکومت کے ایوان میں اختیار کردہ آمرانہ رویہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے مسٹر دیاکر راؤ نے ایوان میں ہوئے مباحث پر حکومت کے نا مناسب انداز میں دئیے جانے والے جوابات کے خلاف اپنا احتجاج درج کروانے کا بھی تلگو دیشم ارکان کو موقعہ فراہم نہیں کیا جارہا ہے ۔ اس طرح حکومت اپنی من مانی انداز میں ایوان کی کارروائی کوجاری رکھنے کی اسپیکر اسمبلی کو ہدایت دے رہی ہے ۔۔
عنبر پیٹ میں آج خواتین کے لیے
ادبی اجلاس و طرحی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : ادارہ ادب اسلامی ، شعبہ خواتین کی جانب سے 27 نومبر صبح 11 بجے سوپر فنکشن ہال نزد پالی ٹیکنیک کالج ، رامنتا پور روڈ ، عنبر پیٹ میں ادبی اجلاس و طرحی مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ جس کی صدارت محترمہ ناصرہ خانم ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند حلقہ آندھرا پردیش و اڈیشہ کریں گی ۔ شہر حیدرآباد کے معروف خواتین شعراء اپنا منتخب کلام پیش کریں گی ۔ محترمہ زبیدہ وہاب صدر ادارہ ادب اسلامی حیدرآباد ، محترمہ شیما ظفر سکریٹری و مہمان خصوصی توحید اختر شریک رہیں گی ۔۔