شہباز شریف پاکستان کے اگلے وزیراعظم؟

اسلام آباد ۔22 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) تنازعہ میں پھنسے وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے بھائی اور صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو نواز شریف کی جگہ ملک کا وزیراعظم بنایا جاسکتا ہے بشرطیکہ ملک کی سپریم کورٹ پاناما پیپرس معاملہ میں آخرالذکر کے مبینہ طورپر ملوث ہونے کی پاداش میں انھیں وزیراعظم کے عہدہ کیلئے نااہل قرار دیدے۔ میڈیا میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق شہباز شریف چونکہ قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں لہذا وزیراعظم کے عہدہ پر انھیں فوری طورپر فائز نہیں کیا جاسکتا بلکہ انھیں انتخابات لڑتے ہوئے کامیابی حاصل کرنی ہوگی ۔ لہذا اس صورتحال میں پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف کو شہباز شریف کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے تک 45 دنوں تک عبوری وزیراعظم بنایا جاسکتا ہے ۔ جیونیوز نے مختلف ذرائع کے حوالے سے یہ بات بتائی اور کہا کہ حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے ایک ہنگامی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں یہ فیصلہ بھی کیا گیاہے کہ اگر عدالت کافیصلہ نواز شریف کے خلاف صادر کیا گیاتو پارٹی تمام دستیاب قانونی اور آئینی متبادل استعمال کرنے کی پوری کوشش کرے گی ۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نواز شریف نے کی تھی جس میں شہباز شریف کے علاوہ وفاقی وزراء ، مشیران اور پاناما پیپرس میں شریف خاندان کی نمائندگی کرنے والی قانونی ٹیم بھی شامل تھی۔ دوسری طرف خواجہ آصف نے میڈیا میں گشت کرنے والی تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ مستقبل کے وزیراعظم کے لئے کوئی امیدوار نہیں ہے۔ہم سب اس وقت نواز شریف کے شانہ بشانہ موجود ہیں اور اجلاس میں اس موضوع پر سرے سے کوئی گفتگو ہوئی ہی نہیں ۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پامانا پیپرس کی سماعت کل ہی مکمل کی تھی ۔