کوٹ ادو ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) صدرنشین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کے الزام میں عدالت جانے والوں کو 40 گاڑیوں کا پروٹوکول دیا جا رہا ہے اور ان لوگوں نے ثابت کر دیا کہ یہ پارلیمنٹ عوام کی نہیں کرپٹ مافیا کی حفاظت کر رہی ہے۔ کوٹ ادو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ جب کسی قوم میں شعور آ جاتا ہے وہ اپنے فیصلے سوچ سمجھ کر کرتی ہے اور جب قوم سوچ سمجھ کر ووٹ دینے کا فیصلہ کرے تو ملک میں حقیقی جمہوریت آتی ہے جس میں ملک کا سربراہ عوام کو جواب دہ ہوتا ہے لیکن نواز شریف نے پارلیمنٹ سے جھوٹ بولا جب پارلیمنٹ نے وزیر اعظم سے جواب طلب نہیں کیا تو ہمیں سپریم کورٹ جانا پڑا اور پارلیمنٹ عوام کے پیسے چوری کرنے والوں کی مدد کر رہی ہے۔
عمرے پر جانیوالے پاکستانیوں کیلئے
فنگر پرنٹس کی شرط میں نرمی
اسلام آباد ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے نے عمرے پرجانے والے خواہشمند زائرین کیلئے فی الوقت فنگرپرنٹس کی لازمی شرط میں نرمی کردی ہے جس کے تحت یکم دسمبر تک زائرین پرانے طریقہ کار کے مطابق ہی ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق 4 دسمبر سے فنگر پرنٹس کی شرط نافذا لعمل ہوجائے گی۔ سفارتخانے نے فنگر پرنٹس کی شرط میں عارضی مہلت دینے کافیصلہ بڑی تعداد میں عمرے پر جانے والے زائرین کی مشکلات کے پیش نظر کیاہے۔بیان میں کہاگیا ہے اس طرح سعودی سفار تخا نہ یہ بھی واضح کردیناچاہتا ہیکہ بائیو میٹرک نظام پاکستانی زائر ین کو سہولت کی فراہمی ہے تاکہ وہ جدہ میں شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرطویل انتظار کے بغیر آسانی سے باہرجاسکیں۔