شہادت بابری مسجد سے سیکولرازم اور جمہوری اقدار کی شہادت : سید عزیز پاشاہ

حیدرآباد۔5ڈسمبر(سیاست نیوز) بابری مسجد کی شہادت کو سکیولرزم اورجمہوری اقدار کی شہادت قراردیتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ 22سال گذر جانے کے باوجود بابری مسجد کے سانحہ پر منصفانہ فیصلے کا انتظار ہمارے جمہوری نظام پر ایک بڑا سوال ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بلاتفریق مذہب اس ملک کی امن پسند تنظیمیں اور شخصیتیں بابری مسجد کی دوبارہ بازیابی کے لئے آج بھی جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کے اس ضمن میں 6ڈسمبر کو کلکتہ میں لفٹ پارٹیز کی جانب سے ایک بڑی ریالی نکالی جائے گی جس کا مقصد مرکزی حکومت سے بابری مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کا مطالبہ ہے۔ جناب سیدعزیزپاشاہ نے مزید کہاکہ فرقہ پرستی کی بنیاد پر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت قوانین کے تحت نہ صرف گرفتار کیا جانا چاہئے بلکہ کڑی سزا ء کے ذریعہ اس قسم کے ہتھکنڈے آزمانے کو روکنے کی ضرورت ہے۔