شکست کے یقین کے بعد مودی اپنے ہی اعتماد سے محروم

صبح میں بی جے پی ، دوپہر میں کانگریس اور رات میں سی پی ایم کی تائید فضول : ممتا بنرجی
ہرووا۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آج کہا کہ بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی ووٹوں کے لئے اس ریاست پر اپنی نظریں مرکوز کررہے ہیں کیونکہ گزشتہ پانچ مرحلوں کے انتخابات میں ان (مودی) کی پارٹی نے ناقص مظاہرہ کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے رائے دہندوں پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کو ووٹ نہ دیں اور کہا کہ مودی اب اعتماد کھوچکے ہیں کیونکہ انہیں انتخابات میں شکست کا یقین ہوچکا ہے۔ ممتا بنرجی نے یہاں اپنی پارٹی ترنمول کانگریس کے امیدوار نصرت جہاں کی تائید میں منعقدہ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کو اب خاطر خواہ تعداد میں نشستیں کہاں سے حاصل ہوں گی۔ اترپردیش میں اس کی تعداد 73 سے بمشکل 13 تا 17 تک گھٹ جائے گی۔ آندھرا پردیش، کیرلا، مغربی بنگال، تملناڈو، راجستھان، پنجاب اور اڈیشہ جیسی ریاستوں میں اس پارٹی (بی جے پی) کو ایک بھی نشست نہیں ملے گی۔ مدھیہ پردیش میں بھی اس کی نشستوں میں کمی ہوگی‘‘۔ زعفرانی جماعت کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کاہ کہ ’ہم بی جے پی نہیں چاہتے، اس کو ووٹوں کے ذریعہ دروامہ دکھا دیجئے۔ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کو تمام 42 نشستیں حاصل ہونی چاہئے تاکہ مرکز میں نئی حکومت کے قیام میں اس ریاست کو بھی کچھ کنٹرول حاصل ہوسکے‘۔ ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی، کانگریس اور سی پی آئی (ایم) ایک ہی خصلت کے ہیں۔ بعض افراد ایسے بھی ہیں جو صبح میں بی جے پی، دوپہر میں کانگریس اور رات میں سی پی آئی (ایم) کی تائید کررہے ہیں چنانچہ ان تینوں میں سے کسی ایک کو بھی ووٹ دینا فضول ہے۔ ترنمول کانگریس کو ہی ووٹ دیجئے‘۔ مودی کے خلاف برہمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ممتا بنرجی نے گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں انہوں نے بہت کچھ کہا تھا اور وزیراعظم بن گئے تھے لیکن پچھلے پانچ سال میں انہوں نے کیا کام کیا ہے؟‘