حیدرآباد 17 مئی ( این ایس ایس ) تلنگانہ میں کانگریس کی بدترین شکست کے پیش نظر تلنگانہ کانگریس کے قائدین نے آج سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی کی قیامگاہ پر ایک اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر پنالہ لکشمیا ‘ جی سکھیندر ریڈی ‘ ملو روی اور دوسرے موجود تھے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ان تمام قائدین نے تلنگانہ میں آئے انتخابی نتائج کا جائزہ لیا اور غور کیا ۔ انہوں نے یہ اعتراف کیا کہ تلنگانہ میں عوام نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے حق میں اور سیما آندھرا میں تلگودیشم کے حق میں اور مرکز میں بی جے پی کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ۔ ان قائدین نے انتخابی نتائج کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا ہے ۔ ان قائدین نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان نے سیما آندھرا میں عوام کی مخالفت کے باوجود تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں اسے سیما آندھرا میں شکست ہوئی ہے ۔