حیدرآباد۔/12 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی شکست کے بعد خود کانگریس کے قائدین تلنگانہ پردیش کانگریس کی قیادت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اخلاقی ذمہ داری قبول کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ کانگریس کی اسٹار کیمپنیر وجئے شانتی نے کہا کہ وہ تلگودیشم کے بشمول دوسری جماعتوں سے اتحاد کے خلاف تھیں اور سب سے پہلے انہوں نے ہی آواز اٹھائی تھی۔ تاہم ان کی بات کو اہمیت نہیں دی گئی۔ میدک کے کانگریس قائدین نے حیدرآباد پہنچ کر فلم اسٹار سے سیاستدان بن جانے والی وجئے شانتی سے ملاقات کی ان سے خطاب کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ وہ اتحاد کی ابتداء سے خلاف تھیں تنہا مقابلہ کرنے سے بہتر نتائج کی توقع رکھی جاسکتی تھی۔ وہ کانگریس اور پیپلز فرنٹ کی شکست کا جائزہ لے رہی ہیں اور بہت جلد کانگریس ہائی کمان کو ایک رپورٹ پیش کریں گی۔ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل بی سدھاکر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان اور عوام کے درمیان مقابلہ تھا۔ تاہم تلگودیشم سے اتحاد کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے کے سی آر چندرا بابو نائیڈو کے مابین مقابلہ کردیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کے سی آر نے دوبارہ تلنگانہ کے جذبہ کو پروان چڑھایا اور ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنادیا۔ تلنگانہ میں کانگریس کیلئے جو بھی نتائج برآمد ہوئے تلنگانہ پردیش کمیٹی کی قیادت اس کی ذمہ داری قبول کرے۔