حیدرآباد۔/25نومبر، ( این ایس ایس) کانگریس لیجسلیچر پارٹی ( سی ایل پی ) لیڈر کے جانا ریڈی نے آج کہاکہ ورنگل پارلیمانی ضمنی انتخاب میں شکست کے تمام پارٹی قائدین مشترکہ طور پر ذمہ دار ہیں۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورنگل کے عوام کانگریس پر یقین نہیں رکھتے لیکن کانگریس قائدین کو چاہیئے کہ وہ انتخابی شکست کے اسباب کا جائزہ لیں اور پارٹی کیڈر کو مایوس نہیں ہونا چاہیئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج بھی وہ اس بات پر قائم ہیں کہ اگر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آئندہ تین سال کے دوران مختلف پراجکٹس کے ذریعہ دوسری فصل کو پانی فراہم کرنے میں کامیاب رہیں تو وہ کے سی آر کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے کہا تھا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر جانا ریڈی کو گلابی کھنڈوا پہننے کیلئے تیار رہنا چاہیئے کیونکہ ٹی آر ایس حکومت یہ پراجکٹس اندرون تین سال مکمل کرے گی۔