شوہر کے اسلام قبول کرنے کی مخالفت پر بیوی کو ہراسانی

سیتامڑی (بہار) ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک دلت خاتون نے 7 افراد کے خلاف اسے اور ارکان خاندان کو شوہر کے مذہب اسلام قبول کرنے کی مخالفت کی بناء مسلسل ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرایا۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع سیتامڑی کے رامپور خرد میں یشودھا دیوی نے 7 افراد بشمول سابق مکھیا ضیاء الرحمن کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔ انہوں نے ایس سی ؍ ایس ٹی (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروایا، جس میں کہا گیا کہ یہ 7 افراد اسے اور اس کے ارکان خاندان کو ہراساں کررہے ہیں کیونکہ اس کے شوہر رام کشور رام نے حال ہی میں مذہب اسلام قبول کیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس نول کشور سنگھ نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے اسے اور ارکان خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کی بھی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ اس خاتون نے یہ بھی کہا کہ دو ہفتہ قبل جب وہ اپنے والدین کے پاس تھی، اسے یہ اطلاع ملی کہ اس کا شوہر مسلمان ہوچکا ہے۔ چنانچہ وہ واپس آئی اور مذہب تبدیل کرنے کی وجہ سے درپیش مشکلات کا ذکر کیا جہاں اس کی شوہر سے بحث ہوگئی۔ رام کشور نے اس کی بیوی اور دیگر ارکان خاندان سے بھی مذہب تبدیل کرلینے کی خواہش کی لیکن اس نے انکار کردیا۔ اس کے بعد اس خاتون نے شوہر سے کہا کہ وہ علحدہ زندگی گذارے لیکن ارکان خاندان کو مالی مدد فراہم کرے ۔ شوہر نے صاف انکار کردیا اور سابق مکھیا کو طلب کیا جس اس خاتون کو دھمکیاں دیں۔