شوہر پر حملہ سے دکھ پہنچا ،جوابی کارروائی کا اعلان :پرینکا گاندھی

رائے بریلی 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )خاموشی توڑتے ہوئے پرینکا گاندھی نے آج کہا کہ ان کے شوہر رابرٹ وڈرا کو سیاسی وجوہات کی بناء پر نشانہ بنایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ انہوں نے مخالفین کے مزید حملوں میں اضافہ کی صورت میں جوابی کارروائی کا عہد کیا ہے ۔ اپنی والدہ صدر کانگریس کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے یو پی میں ان کے انتخابی حلقہ میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ رابرٹ وڈرا پر بی جے پی نے اس لئے حملہ کیا ہے تا کہ ترقی کے مسائل پر بامعنی بات چیت سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر کے بارے میں آخر کار ’’سچائی ‘‘ہی غالب آئے گی ۔ وہ عوام کے ایک مجمع سے خطاب کررہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ ٹی وی دیکھتی ہیں آپ نے کیا دیکھا ۔ بد گوئی ،میرے خاندان مذاق اُڑانا ،میرے شوہر کے بارے میں بہت کچھ کہا گیا ،مجھے اس سے دکھ پہنچا میرے لئے نہیں بلکہ اس وجہ سے کہ کوئی شخص سچائی کا مذاق اُڑا رہا ہے اور سچ نہیں بول رہا ہے ۔ اس لئے نہیں کہ وہ اپنے بچوں سے یہ کہہ سکے کہ سچائی غالب آئے گی ۔ انہیں اس لئے دکھ پہنچا ہے کہ جاریہ انتخابات میں اس قسم کی سیاست ابھر آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس لئے دکھ پہنچا کیونکہ یہ انتخابات ترقی ،عوام کی ضروریات ،نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع کے موضوعات پر لڑے جانے چاہئے تھے لیکن با معنی مذاکرات کی جانب سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ایسا حملہ کیا گیا ۔ بعدازاں انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ ان کے خاندان پر سیاسی حملہ ہے ۔ انہوں نے ان کے شوہر کو سیاسی حملہ کیلئے استعمال کیا ہے ۔ یہ گذشتہ دو سال سے جاری ہے اور انہیں اس کا شدت سے احساس ہے ۔ انہوں نے اندرا گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ ان کی دادی نے کس طرح جوابی وار کیا تھا اور کہا کہ سچائی ایک ڈھال کی طرح ہے جو کسی کو بھی ہمیشہ محسوس رکھتی ہے ۔