شوہرکے علاج کیلئے فروخت بچہ ماں کو واپس ملا

بریلی۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش کے بریلی میں بچے کو بیچ کر شوہر کا علاج کرانے کے واقعہ نے انسانیت کو جھنجھوڑ دیا۔بریلی کے ہرسوروپ موریہ کو دماغی بیماری ہے جس کے علاج کیلئے اس کی بیوی نے اپنے چھوٹے بچے کو بیچ دیا تھا۔ غریبی اور بیماری کی وجہ سے بچے کو فروخت کرنے کا واقعہ سرخیوں میں آتے ہی ضلع انتظامیہ حرکت میں آیا۔ضلع مجسٹریٹ وکرم سنگھ نے یو این آئی کو بتایا کہ اب ہرسوروپ کا علاج ضلع انتظامیہ کرائے گا جسے ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے اس کا علاج بھی شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی بیوی نے اپنے چھوٹے بچے کو 45000 روپے میں کسی کو بیچ دیا تھا۔ڈپٹی مجسٹریٹ کو بھیج کر بچے کو واپس بلالیا گیا ہے ۔مسٹر سنگھ نے بتایا کہ بچہ اس کی ماں کے حوالے کر دیا جائے گا اور ھرسوروپ کو علاج کے لئے ضلع اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے ۔