شوپیاں کے جنگلات میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم آرائی شروع

سری نگر۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے یارون علاقے کے جنگلات میں منگل کی دوپہر کو جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی۔پولیس ذرائع کے مطابق فوج، جموں کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ اور سی آر پی ایف پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم نے جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع پر منگل کے روز شوپیاں کے یارون علاقے کے جنگلات کو محاصرہ میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی کارروائیاں جاری تھیں کہ وہاں چھپے جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کی، فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی۔بتایا جاتا ہے کہ وہاں دو یا تین جنگجو پھنسے ہیں۔آخری اطلاعات ملنے تک طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔