شوپیاں میں تصادم آرائی، تین عسکریت پسند ہلاک

سری نگر، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں آج ایک انکاونٹر میں تین عسکریت پسند مارے گئے ۔ذارئع کے مطابق شوپیاں کے درگڑ علاقے میں جمعہ کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم میں تین جنگجو ہلاک ہوئے ہیں تاہم آپریشن ہنوز جاری ہے ۔ رپورٹ کے مطابق تصادم میں ایک پیرا کمانڈو زخمی ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپے ہونے کی اطلاع پر فوج کی 44 آر آر، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے علاقے میںتلاشی شروع کی۔ آپریشن ٹیم مشتبہ جگہ کی طرف بڑھنے لگی تو چھپے جنگجوؤں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ تصادم کے بعد دو جنگجوؤں کی لاشیں اور ان کی تحویل سے ہتھیار بھی بر آمد کئے گئے ۔ذرائع نے بتایا کہ درگڑ کے ایک باغ میں دوسرے مرحلے کی مختصر فائرنگ کے بعد ایک اور جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی جس سے مہلوک جنگجوؤں کی تعداد تین ہوگئی تاہم جنگجوؤں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم ہونا ابھی باقی ہے