سری نگر 3مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں جمعہ کی صبح جنگجووں اور فورسز کے درمیان ہونے والے ایک تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین جنگجو مارے گئے ۔تصادم کے دوران فوج کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ہے ۔مہلوک جنگجووں میں مبینہ طور پر برہان وانی کا قریبی ساتھی لطیف احمد ڈار عرف لطیف ٹائیگر ساکنہ ڈوگری پورہ پلوامہ بھی شامل ہے ۔ لطیف اے پلس پلس زمرے کا جنگجو تھا۔ایک رپورٹ کے مطابق لطیف ٹائیگر برہان وانی گروپ کا آخری بچا ہوا جنگجو تھا۔ اس نے سنہ 2014 ء میں حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔مارے گئے دیگر دو جنگجووں کی شناخت طارق مولوی ساکنہ مولو چھترا گام شوپیاں اور شارق احمد ننگرو ساکنہ چھوٹی گام شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے ۔ مسلح تصادم کے دوران ایک رہائشی مکان مکمل جبکہ دیگر دو جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے امام صاحب علاقہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز اور ریاستی پولیس نے جمعہ کی علی الصبح مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔