سری نگر ، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے بٹہ پورہ میں پیر کے روز مشتبہ جنگجوؤں کی طرف سے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر کئے گئے گرینیڈ حملے میں 12 شہریوں اور چار پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے ۔ گرینیڈ دھماکے کے نتیجے میں ایک عمر لڑکی شدید طور پر زخمی ہوئی ہے جس کو علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر منتقل کیا گیا ہے ۔ ریاستی پولیس کے ایک ترجمان کہا کہ جنگجوؤں کی طرف سے داغے گئے گرینیڈ کے پھٹنے سے 12 شہری اور چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ‘گرینیڈ سڑک کے کنارے پھٹ گئے جس کے نتیجے میں وہاں موجود عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد زخمی ہوئی’۔ ترجمان نے کہا ‘دھماکے میں مبینہ طور پر 12 عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ایک جواں سال لڑکی کے شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ حملے میں چار پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ‘۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہوئے افراد کو علاج ومعالجہ کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ حملے کے سلسلے میں تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق تین زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کے مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ سری نگر منتقل کئے گئے زخمیوں کی شناخت فریدہ زوجہ نذیر احمد ساکنہ سیڈو شوپیان، نادیہ دختر نذیر احمد ساکنہ سیڈو شوپیان اور کانسٹیبل جاوید احمد ولد نور دین ساکنہ بارہمولہ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق شوپیان میں گرینیڈ حملے کے بعد کچھ نوجوانوں نے سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا جس کے بعد طرفین کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔ واضح رہے کہ وادی میں گذشتہ تین روز کے دوران سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر قریب ایک درجن گرینیڈ حملے کئے گئے جن کے نتیجے میں سیکورٹی فورس اہلکاروں کے سمیت قریب دو درجن افراد زخمی ہوئے ۔ ریاستی پولیس نے یکم جون کو گرمائی دارالحکومت سری نگر میں سیکورٹی الرٹ جاری کردیا تھا۔ پولیس نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا ‘جنگ بدر کی یاد میں 2 جون کو تقریبات کے موقع پر پہلی ، دوسری اور تیسری جون کو فدائین اور ہٹ اینڈ رن حملوں کا امکان بہت زیادہ ہے ‘۔ بتادیں کہ جنگ بدر 17 رمضان 2 ہجری بمطابق 13 مارچ 624 ء کو پیغمبر محمد (ص) کی قیادت میں مسلمانوں اور ابوجہل کی قیادت میں مکہ کے قبیلہ قریش کے درمیان مدینہ میں ‘بدر’ نامی مقام پر ہوئی۔