شوپیان میں مہلوک جنگجو کا بھائی پولیس تھانے سے فرار

سری نگر، 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں حزب المجاہدین کے مہلوک جنگجو ناصر وانی کا بھائی سہیل احمد وانی پولیس اسٹیشن سے فرار ہوگیا ہے ۔ اسے گذشتہ ہفتے ایک نوجوان کے قتل کے سلسلے میں دیگر دو افراد کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ سہیل احمد گذشتہ شام دیر گئے پولیس تھانہ زین پورہ سے فرار ہوگیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سہیل احمد وانی جس کو گذشتہ ہفتے ایک نوجوان طارق احمد موہند کے قتل کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا، پولیس تھانے سے فرار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا ‘ہف شوپیان کے رہنے والے سہیل احمد کو گذشتہ ہفتے ایک نوجوان طارق احمد موہند کے قتل کے سلسلے میں دو دیگر افراد شاکر احمد پڈر اور سہیل احمد شیخ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ سہیل احمد مہلوک جنگجو ناصر وانی کا بھائی ہے ۔ وہ گذشتہ شام دیر گئے پولیس تھانہ زین پورہ سے فرار ہوگیا’۔ ذرائع نے بتایا کہ سہیل احمد کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ طارق احمد کے قتل کے سلسلے میں سہیل احمد کے علاوہ جن دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، ان میں ایچ ایم کے مہلوک جنگجو صدام پڈر کا بھائی شاکر احمد پڈر بھی شامل ہے ۔ بتادیں کہ ضلع شوپیان کے مضافات میں 9 جولائی 2018 کو نامعلوم بندوق برداروں نے طارق احمد موہند نامی نوجوان کو اغوا کے بعد ہلاک کردیا۔

چار سالہ متحدہ بی ایڈ کورسیس 2019ء سے : جاودیکر
نئی دہلی ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل نے کہاکہ حکومت ایک نئی قومی تعلیمی پالیسی تیار کرنے کے قریب ہے ۔ قومی کونسل برائے اساتذہ کی تعلیم (ترمیمی) بل 2017ء کے تحت ان تعلیمی اداروں میں جہاں بی ایڈ کے کورسیس چلائے جارہے ہیں ، 2019ء سے انہیں 4 سالہ متحدہ بی ایڈ کورسیس میں تبدیل کردیا جائے گا۔ یہ پھر 24 جولائی کو لوک سبھا میں منظور ہوچکا ہے۔