شوپیان میں مہلوک جنگجو کا بھائی پولیس تھانے سے فرار

سری نگر، 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں حزب المجاہدین کے مہلوک جنگجو ناصر وانی کا بھائی سہیل احمد وانی پولیس اسٹیشن سے فرار ہوگیا ہے ۔ اسے گذشتہ ہفتے ایک نوجوان کے قتل کے سلسلے میں دیگر دو افراد کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ سہیل احمد گذشتہ شام دیر گئے پولیس تھانہ زین پورہ سے فرار ہوگیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سہیل احمد وانی جس کو گذشتہ ہفتے ایک نوجوان طارق احمد موہند کے قتل کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا، پولیس تھانے سے فرار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا ‘ہف شوپیان کے رہنے والے سہیل احمد کو گذشتہ ہفتے ایک نوجوان طارق احمد موہند کے قتل کے سلسلے میں دو دیگر افراد شاکر احمد پڈر اور سہیل احمد شیخ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ سہیل احمد مہلوک جنگجو ناصر وانی کا بھائی ہے ۔ وہ گذشتہ شام دیر گئے پولیس تھانہ زین پورہ سے فرار ہوگیا’۔ ذرائع نے بتایا کہ سہیل احمد کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔