سرینگر۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے شوپیان ڈسٹرکٹ میں احتجاجیوں اور سکیورٹی فورسیس کے درمیان اتوار کو ہوئی جھڑپوں میں مرنے والے شہریوں کی تعداد آج یہاں ایک ہاسپٹل میں ایک نوجوان کے زخموں سے جانبر نہ ہونے کے بعد 6 ہوگئی۔ اقبال بٹ جس کے پیٹ میں گولی لگی تھی، آج صبح ایس ایچ ایم ایس ہاسپٹل سرینگر میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ متوفی نوجوان کی نعش کو اس کے رشتہ داروں نے آخری رسومات انجام دینے کے لئے اس کے آبائی مقام نقبل ایریا کو لے گئے۔ اتوار کو احتجاجیوں اور سکیورٹی فورسیس کے درمیان ہوئی لڑائی میں شوپیان میں ایک انکاؤنٹر مقام کے قریب 5 شہری افراد ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ دیگر کئی زخمی ہوئے تھے۔ اتوار کو سکیورٹی فورسیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 5 عسکریت پسند بشمول ٹاپ حبزالمجاہدین کمانڈر صدام پڈر اور کشمیر یونیورسٹی کے پروفیسر محمد رفیع بٹ ہلاک ہوگئے تھے۔