امپھال ، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) منی پور میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم آج بھی جاری رہی تاکہ ضلع چندیل میں شورش پسندوں کا پتہ چلایا جاسکے جہاں 18 فوجی ہلاک اور دیگر 11 زخمی ہوگئے جبکہ گھات لگا کر فوج کی طلایہ گرد پارٹی پر حملہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ پارہ لونگ چارونگ مولتوہ اور دیگر چند علاقوں میں شورش پسندوں کا پتہ چلانے کیلئے تلاشی مہم جاری ہے۔ پولیس نے کہا کہ تحقیقاتی کارروائی فوج اور آسام رائفلس کررہے ہیں۔ نئی دہلی کی اطلاع کے بموجب فوجیوں پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ ایسے من مانی حملے فوج کے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کی وجہ بنیں گے۔ ان سے آہنی پنجہ کے ساتھ نمٹنا چاہئے۔