شورش زادہ علاقوں میں تعینات فوج کوجوابدہ بنانا چاہئے : مرکزی وزیر برائے دیہی ترقیات جئے رام رمیش

نئی دہلی28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر برائے دیہی ترقیات جئے رام رمیش نے کہا کہ ملک کے شورش زادہ علاقوں میں تعینات فوج کو زیادہ شفاف اور جوابدہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ تو شورش پسندی کو ایک قابل ستائش صفت اور صیانتی انتظامیہ کو عفریت فطرت قرار دے رہے ہیں۔ ان کے خیال میں فوج کو جوابدہ اور شفاف ہونا چاہئے چاہے کوئی مملکت ہو یا جنگلات کا انتظامیہ ،پولیس کا انتظامیہ ہو یا صیانتی انتظامیہ ہر ایک کو جوابدہ ہونا چاہئے ۔

وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شورش پسندی اور ترقی کے عنوان پر ایک قومی سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو شورش زدہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی پہل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی تجربہ ہے کہ جب بھی انہوں نے کوئی با معنی ترقیاتی سرگرمیاں شروع کرنے کی صلاحیت محسوس کی یہ فوجی کارروائی کے بعد ہی محسوس کی گئی اور انہوں نے اس پر موثر اور حساس انداز میں عمل آوری کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بغیر یہ قطعی نا ممکن تھا ۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ سیاسی عمل سے پہلے کچھ حد تک صیانتی کامیابی بنیادی ضرورت ہے اس کے بعد ترقیاتی پروگرام کا احیاء کیا جانا چاہئے ۔ جئے رام رمیش ان کی وزارت کے آغاز کردہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے اکثر اس ماؤسٹ زیر اثر علاقہ کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔