شنڈے کے خلاف مفاد عامہ کی درخواست خارج

نئی دہلی ۔ 24 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے مفاد عامہ کی ایک درخواست کو خارج کردیا جس میں یہ حواہش کی گئی تھی کہ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کی جانب سے مبینہ طور پر آئی پی ایل فکسنگ کی پولیس تحقیقات پر دخل اندازی کئے جانے کے معاملہ کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جائے ۔ چیف جسٹس پی ستھا سیوم کی قیادت میں ایک اپیکس کورٹ کی بنچ نے استدلال پیش کیا کہ صرف میڈیا کی رپورٹس کی بنیاد پر کسی بھی سنگین الزامات کی سماعت نہیں کی جاسکتی ۔ عدالت نے درخواست گزار شیو کمار ترپاٹھی کو ہدایت کی کہ اگر ان کے پاس واضح اور مناسب ثبوت ہیں تو وہ کسی مناسب فورم سے رجوع ہوں۔ یاد رہے کہ ترپاٹھی نے مفاد عامہ کی جو درخواست داخل کی ہے وہ بی جے پی لیڈر اور سابق معتمد داخلہ آر کے سنگھ کے اس دعوے پر مبنی ہے جہاں انہوں نے کہا تھا کہ شنڈے تحقیقات کے معاملہ میں دخل اندازی کر رہے ہیں۔