شنڈے کی وزیراعظم سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج رات وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کی جبکہ حکومت یہاں چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے دھرنا سے نمٹنے کی جدوجہد سے دوچار ہے ۔ شنڈے کی وزیراعظم سے ملاقات مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے کچھ دیر بعد ہوئی ۔ ایسی بات ہورہی ہے کہ وزیر داخلہ قانونی ماہرین سے کجریوال کے خلاف کارروائی کے مسئلے پر مشاورت کررہے ہیں ،

جنھوں نے اُن کے خلاف دہلی پولیس کے اسٹیشن ہاوز آفیسر کے تبادلے اور اُن کی تعیناتی کیلئے رقمی لین دین میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ شنڈے کابینی اجلاس سے کچھ دیر کیلئے روانہ ہوئے لیکن 45 منٹ بعد واپس ہوکر وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ جب وہ وزیراعظم کی سرکاری قیامگاہ پہونچے تب کابینی میٹنگ ختم ہوچکی تھی ۔ وہ وزیراعظم کے ساتھ لگ بھگ 20 منٹ رہے ۔ کوئی سرکاری بیان تو سامنے نہیں آیا کہ اس ملاقات میں کیا بات ہوئی جو ایسے وقت ہوئی ہے جبکہ دہلی نے مرکز اور کجریوال کے درمیان عدیم النظیر تصادم کا مشاہدہ کیا ہے ۔