شملہ میں کمسن لڑکے کا قتل عوام کا زبردست احتجاج اور دھرنا

شملہ۔/23اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) شہر میں آج ایک 4سالہ لڑکے کی نعش دستیاب ہونے کے بعد زبردست احتجاج شروع کردیا گیا جس کا 2سال قبل اغوا کیا گیا تھا۔ احتجاجیوں نے پولیس پر لاپرواہی کا الزام عائد کیاہے۔ تمام مارکٹس بند کردیئے گئے اور احتجاج میں ٹریڈرس بشمول متاثرہ خاندان کے ارکان نے بھی حصہ لیاا ور یہ الزام عائد کیا کہ لڑکے کا پتہ چلانے میں پولیس نے سنجیدہ کوشش نہیں کی۔ مذکورہ لڑکے یوگ کا 14جون 2014کو اغوا کرلیا گیا تھا جس کا ڈھانچہ کل شام بھاراوی کے قریب کلینٹائن میں میونسپل کارپوریشن کے واٹر ٹینک میں پایا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اصل ملزم بکشی سے پوچھ تاچھ کے دوران نعش کے بارے میں اطلاع دی تھی۔ دیگر ملزمین میں چندر شرما اور تیجندر سنگھ جو کہ رام بازار میں ایک دکان چلاتے ہیں ضمانت پر رہا ہوگئے تھے لیکن کل نعش برآمد ہونے کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ لڑکے کے چچا ستیش شرما نے بتایا کہ بچہ کو اغوا کے 8دن بعد قتل کردیا گیا اور قتل کے بعد بھی ملزمین نے تاوان طلب کیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بکشی نے ہی یوگ کا قتل کیا ہے ۔ یہ اطلاع ملنے پرکہ پولیس نے مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن کے نام کیس میں درج ہیں زبردست احتجاج شروع کردیا گیا اور اسمبلی کے روبرو دھرنا دیتے ہوئے ملزمین کو سزائے موت اور ان کے افراد خاندان کا سماجی بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں وہ ہائیکورٹ اور راج بھون کی سمت روانہ ہوگئے۔