مقامی مسلمانوں کی مؤثر نمائندگی ، تعمیری کام دوبارہ شروع کردیا گیا
شمس آباد 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شمس آباد میں ایک مسجد کی تعمیر کے دوران شرپسندوں نے رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی لیکن مسلمانوں کے احتجاج کے بعد تعمیری کام دوبارہ شروع کردیا گیا۔ سورج گارڈن علاقہ میں واقع شریفہ مظفر مسجد کی تعمیر جاری تھی کہ بعض افراد نے ضلع کلکٹر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے کام رکوادینے کی اپیل کی چنانچہ شمس آباد ای او آر ڈی نے کلکٹر کی ہدایت پر مسجد کا معائنہ کیا اور تعمیری کام روک دینے کی ہدایت دی جس پر مقامی مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا اور سرپنچ شمس آباد راجہ ملا سدیشور سے ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں حقائق سے واقف کروایا۔ سرپنچ نے کہاکہ مسجد کی تعمیر کے لئے پہلے ہی این او سی جاری کیا جاچکا ہے اور گرام پنچایت کو اِس تعمیر پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بعدازاں مقامی مسلمانوں نے ای او آر ڈی اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے کوئی وجہ بتائے بغیر تعمیری کام روک دینے کے بارے میں استفسار کیا۔ اُنھوں نے تعمیری کام کے لئے پہلے ہی حاصل کردہ منظوریوں سے بھی واقف کروایا جس کے بعد عہدیداروں نے خاموشی اختیار کی اور مسجد کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کردیا گیا۔