شمس آباد ایرپورٹ پر مسافرین کا ایبولا اسکریننگ ٹسٹ

مغربی افریقی ممالک کے 150 مسافرین کا معائنہ، کوئی بھی متاثر نہیں پایا گیا

حیدرآباد 12 اگسٹ (پی ٹی آئی) مغربی افریقہ میں ایبولا وباء سے متاثرہ ملکوں سے شمس آباد پر واقع راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچنے والے مسافرین کی اسکریننگ کے لئے ڈاکٹروں کی 4 خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ایرپورٹ ادارہ صحت کے سربراہ اور سینئر علاقائی ڈائرکٹر (علاقائی دفتر برائے صحت و خاندانی بہبود) جوپکا مہیش نے کہاکہ ’’موذی وباء ایبولا سے متاثر مغربی افریقی ممالک سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچنے والے مسافرین کی اسکریننگ کے لئے ڈاکٹروں کی 4 خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں‘‘۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ’’ہماری ٹیمیں روزانہ 24 گھنٹے مسافروں کا معائنہ کررہے ہیں تاکہ ایبولا کے مشتبہ کیسیس کا پتہ چلایا جاسکے۔ اِس مقصد کے لئے علامات اور سفر کی تفصیلات کا جائزہ لیا جارہا ہے‘‘۔ جوپکا مہیش نے کہاکہ ’’بخار، سر درد، دست و قئے، جوڑوں اور رگ پٹھوں میں درد جیسی علامات سے متاثر پائے جانے والے کسی بھی مریض کو گاندھی ہاسپٹل کے خصوصی وارڈ میں رکھا جارہا ہے جہاں اِن کی طبی نگرانی اور علاج کے لئے ماہر ڈاکٹرس تعینات کئے گئے ہیں‘‘۔ اِس دوران سینئر ڈاکٹر نے کہاکہ ’’(10 روز قبل اسکریننگ کے آغاز کے بعد سے) مغربی افریقی ممالک سے تقریباً 150 مسافرین کا اِس ایرپورٹ پر پہونچنے کے بعد معائنہ کیا گیا تاہم کوئی بھی مسافر اِس وباء سے متاثر نہیں پایا گیا‘‘۔ میڈیکل ٹیموں نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کو مغربی افریقی ممالک سے پہونچنے والے مسافرین کے لئے شعور بیداری مہم شروع کی ہے کیونکہ عالمی ادارہ صحت نے مہلک وباء ایبولا سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی طبی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایبولا وباء پھیلنے کے بعد اِس سے 1,013 افراد فوت ہوئے ہیں بالخصوص گنی، لائبیریا، سیرالیون اور نائجیریا میں ایبولا مرض سے متاثر افراد فوت ہوئے ہیں۔