شمس آباد ۔ 27 جون (سیاست نیوز) شمس آباد گرام پنچایت کی جانب سے ماہ رمضان کے پیش نظر مسلم محلات احمدنگر، قاضی گلی، معین محلہ اور مہدی گارڈن میں مچھرکش دوا کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ شمس آباد سرپنچ راچا ملاسدیشور نے بتایا کہ مسلم قائدین سے رمضان کے انتظامات کے وقت انہوں نے وعدہ کیاتھا کہ رمضان میں تمام مساجد میں پینے کے پانی کا انتظام کیا جائے گا اور ساتھ ہی تمام مسلم محلات میں روزانہ پانی کی سربراہی کی جائے گی۔ صاف صفائی اور اسٹریٹ لائیٹس کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ شمس آباد سرپنچ نے کہا کہ تمام وعدوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ بارش کی وجہ سے مچھروں کی کثرت میں اضافہ کی بناء تمام مسلم محلات میں مچھرکش دوا کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمس آباد گنگاجمنی تہذیب کا گہوارہ ہے۔ یہاں کے لوگ ایک دوسرے مذہب کے عید و تہوار میں شرکت کرتے ہیں۔ مسلمان بھائی جو ماہ رمضان کے مقدس مہینہ میں روزہ رکھتے ہوئے پنجوقتہ نماز ادا کرتے ہیں اور خدا کی عبادت میں مشغول رہتے ہیں ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔ راچا ملاسدیشور نے رمضان میں عبادت کے دوران شمس آباد کی گنگا جمنی تہذیب کی برقراری اور ترقی کیلئے دعا کرنے کی مسلم بھائیوں سے اپیل کی ہے۔ شمس آباد سرپنچ کے ان انتظامات کو دیکھتے ہوئے مسلم قائدین نے سرپنچ سے اظہارتشکر کیا اور کہا کہ آج سے پہلے بھی گرام پنچایت کی جانب سے انتظامات کئے گئے تھے لیکن شمس آباد سرپنچ اپنی خصوصی دلچسپی سے ہر کام کو بخوبی انجام دے رہے ہیں اور مچھرکش دوا کا چھڑکاؤ کرکے بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کررہے ہیں جوکہ قابل ستائش اقدام ہے جس کیلئے ہم ان سے اظہارتشکر کرتے ہیں۔ اس موقع پر راچاملاسدیشور سرپنچ کے ہمراہ محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ، ایچ ایوب حسین گرام پنچایت ممبر کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔