پولیس اسٹیشن تا بس اسٹانڈ روڈ کے سنگ بنیاد کے موقع پر رکن اسمبلی کا خطاب
شمس آباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : شمس آباد پولیس اسٹیشن تا بس اسٹانڈ تک روڈ کے کام کا سنگ بنیاد راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ اس موقع پر شمس آباد میں ان کا زبردست آتش بازی کے ذریعہ استقبال کیا گیا ۔ پرکاش گوڑ نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے عوام اس سڑک کے لیے مطالبہ کررہے تھے جس کی تکمیل کے لیے CRP فنڈ کے ذریعہ 75 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد سے مسلسل ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں کروڑہا روپئے منظور کئے جارہے ہیں اور گرام پنچایت میں 25 تا 30 لاکھ منظور کرتے ہوئے ترقیاتی کام کی تکمیل کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج اس سڑک کے سنگ بنیاد کے موقع پر تمام سیاسی قائدین شریک ہوئے ۔ اسی طرح منڈل کی ترقی کے لیے بھی سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اتحاد کے ساتھ مل کر رہتے ہوئے منڈل کی ترقی آسانی کے ساتھ کی جاسکتی ہے ۔ شمس آباد گراونڈ کو منی اسٹیڈیم میں تبدیل کرنے کے لیے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سرکاری دواخانہ کے لیے بھی عمارت تعمیر کی گئی اور مزید ترقی کے لیے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کام کیا جائے گا ۔ شمس آباد سرپنچ رچہ ملا سدیشور نے کہا کہ شمس آباد پولیس اسٹیشن تا بس اسٹانڈ تک روڈ تعمیر شروع کرنے سے قبل سڑک پر آنے والے دکانات و مکانات کے مالکین سے بات کرتے ہوئے روڈ کی توسیع کے لیے بات کی جائے گی ۔ اگر وہ تمام راضی ہوجائے تو سڑک کو چوڑی کیا جاسکتا ہے ۔ جس سے ٹرافک کا مسئلہ بھی ختم ہوجائے گا ۔ جیسے جیسے آبادی میں اضافہ ہوگا ۔ ٹرافک مسئلہ میں بھی اضافہ ہوگا ۔ تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے ابھی سے ہی اقدامات کرنا ضروری ہے ۔ اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔۔
محکمہ گریجن اور بی سی ویلفیر میں
ہاسٹل ویلفیر آفیسرس کے تقررات
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : محکمہ گریجن اور بی سی ویلفیر کے تحت 310 ہاسٹل ویلفیر آفیسرس کی جائیداد پر تقررات کے لیے ٹی ایس پی ایس سی نے اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ محکمہ گریجن بہبود کے تحت 4 گریڈ ۔ 1 جائیدادیں ، 87 گریڈ ۔ 2 جائیدادیں ، محکمہ بی سی ویلفیر کے تحت 219 گریڈ ۔ 2 جائیدادیں ہونے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ درخواستیں 6 فروری تا 6 مارچ داخل کرنے کی سہولت رکھی گئی ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے ٹی ایس پی ایس سی کا ویب سائٹ tspsc.gov.in ملاحظہ کریں ۔۔